شیخوپورہ:عمران کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی کامظاہرہ

شیخوپورہ:عمران کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی کامظاہرہ

شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے بتی چوک میں صوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک اور ضلعی صدر کنور عمران سعید کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ،جس سے چاروں اطراف کی ٹریفک بھی بلاک ہوگئی، رات گئے اس احتجاجی مظاہرہ میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی، اس موقع پرمیاں علی بشیر ایڈووکیٹ، میاں افضال حیدر،چودھری یاسرا قبال گوپے را، انجینئر کاشف معراج گجر، رانا زاہد محمود خاں ،منظور آصف ورک ،سید محمدعلی شاہ ، ملک افتخار احمد کھارا ڈوگر،وحید خاں بنگش ،عاشر عظیم بھٹی ،محمد ابوبکر بھٹی ، سردار زین ڈوگر، عدیل گجر سمیت دیگر موجودتھے ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک ،ضلعی صدر کنور عمران سعید نے کہاکہ پارٹی چیئرمین عمران خان پاکستان کی ریڈ لائن بن چکے ہیں، اگر ان کیخلاف وفاقی حکومت نے کوئی بھی انتقامی کارروائی کی کوشش کی تو عوام اس کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے بالکل تیار ہیں۔۔۔

 حکمران خود پاکستان کو سری لنکا بنانے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ یہ ایک امپورٹڈ اور غیر منتخب حکومت ہے جو صرف اور صرف عمران خان کا راستہ روکنے ،اپنی کرپشن کو بچانے کیلئے اقتدار میں آئی ہے ، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف فوج سمیت تمام اداروں کا احترام کرتی ہے اور ساتھ اس بات کا بھی مطالبہ کرتی ہے کہ وہ کسی کا آلہ کار بننے کی بجائے ملک وقوم کے اجتماعی مفاد کیلئے اپنا کردارادا کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں