تھوک مارکیٹ: 3 ماہ میں دالیں 40 فیصد تک مہنگی
لاہور(سہیل احمد قیصر) ڈھائی سے تین ماہ کے دوران ہول سیل مارکیٹ میں دالوں کی قیمتیں 18 سے 40فیصد تک بڑھ گئیں۔
تفصیل کے مطابق دالوں کے بارے میں عمومی طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اِن کے باعث عام آدمی کے لئے جسم وجان کا رشتہ برقرار رکھنا قدرے آسان ہوجاتا ہے لیکن اب مہنگائی کی لہر نے دالوں کی قیمتیں بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی ہیں۔اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ ڈھائی سے تین ماہ کے دوران تھوک مارکیٹ میں دال چنا کے نرخ 190سے بڑھ کر 250، دال مسورکے نرخ 180سے 260،دال مونگ کے نرخ 190سے 260اور ماش کی دھلی دال کے نرخ 370 سے بڑھ کر 440 روپے فی کلو تک جاپہنچے ہیں۔35فیصد اضافہ سفید چنے کے نرخوں میں ریکارڈ کیا گیا ہے جو اِس وقت تھوک مارکیٹ میں 350روپے کلو میں دستیاب ہیں۔ اِس صورت حال کو ڈالر کی قیمت کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے کیونکہ ہمارا ملک سالانہ تقریباً ایک ارب ڈالر کی دالیں درآمد کرتا ہے جو ملکی ضروریات کا ستر فیصد پورا کرتی ہیں تو دوسری طرف ملک میں دالوں کی پیداوار میں مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہے ۔اِس صورت حال کے باعث مارکیٹ فورسز دالوں کے نرخوں میں مزید اضافے کے خدشات ظاہر کررہی ہیں۔ واضح رہے کہ پرچون میں فروخت پر دالوں کے ریٹس میں دس سے پندرہ فیصد تک مزید اضافہ ہوجاتا ہے ۔