دفتر محتسب : 60افراد کو 1کروڑ72لاکھ سے زائد کا مالی ریلیف

دفتر محتسب : 60افراد کو 1کروڑ72لاکھ سے زائد کا مالی ریلیف

لاہور(سپیشل رپورٹر)دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے عوامی ریلیف کی درخواستوں پر کارروائی کے نتیجے میں 60 لوگوں کی تکالیف کے ازالے کے علاوہ انہیں متعلقہ محکموں سے ایک کروڑ 72 لاکھ 38 ہزار 187 روپے کا مالی ریلیف بھی ملا ہے۔

 ترجمان نے بتایایونیورسٹی آف میانوالی نے درخواست گزار محمد حنظلہ زبیر سمیت 52 طالبعلموں کو ضرورت کی بنیاد پرسکالر شپ کے بقایاجات 92 لاکھ 82 ہزار 843 روپے ادا کر دئیے ۔ اسی طرح ضلعی تعلیمی اتھارٹی چکوال نے شکایت کنندہ حاجی مہر محمد کو مالی امداد کی مد میں 22 لاکھ ، ضلعی انتظامیہ لودھراں نے متوفی پٹواری غلام مرتضیٰ کی بیوہ عائشہ مائی کو 19 لاکھ ، غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان نے عبدالواحد کو سکیورٹی ریفنڈ کی مد میں 17 لاکھ 70 ہزار 824 اور محکمہ زراعت نے راجن پور کے محمد ابوبکر سمیت 21 کاشت کاروں کو نمائشی زرعی پلاٹس کے اخراجات کی مد میں 12 لاکھ 53 ہزار 70 روپے ادا کئے ہیں۔ دریں اثنا راولپنڈی کے علاقہ سنگھڑ ٹاؤن کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 80 لاکھ سے نیا ٹیوب ویل نصب کر دیا گیا ۔ ملتان کی فرزانہ کنول کو پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے مراعاتی پیکیج کی مد میں8لاکھ 31 ہزار 450 ،گوجرانوالہ میں فتو منڈ چوک کی مرمت و بحالی کیلئے 71 لاکھ 82 ہزار روپے کا ورک آرڈر جاری کر دیا گیا جبکہ پاکپتن کے محلہ نوری میں5لاکھ روپے سے گلی کا لیول درست کر کے سولنگ ڈال دی گئی ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں