پی ٹی آئی دور حکومت میں ملک تنزلی کا شکار ہوا:رانا تنویر

پی ٹی آئی دور حکومت میں ملک تنزلی کا شکار ہوا:رانا تنویر

شرقپور شریف(نمائندہ دنیا)وفاقی وزیر صنعت و تجارت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ 100 دنوں میں مہنگائی 40 فیصد سے کم ہوکر 12 فیصد پر آگئی، آئندہ سال میں مہنگائی کا زور مزید کم ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شرقپور میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں عمران یعقومیہ، حکیم سلیم اﷲ اور راؤ مزمل سمیت درجنوں ن لیگی کارکنوں موجود تھے ۔ رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2017 تک میاں نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان نے ریکارڈ ترقی کی، اسکے بعد تحریک انصاف کی حکومت میں ملک تنزلی کا شکار ہوگیا ،جسکا خمیازہ ہم آج بھی بھگت رہے ہیں،وزیر اعظم میاں شہباز شریف ملک کو بحران سے نکالنے کی دن رات کوشش کررہے ہیں۔ وزیر اعظم کے بیرون ملک کے دوروں کے مثبت نتائج آئیں گے، کئی ممالک میاں شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایاکاری کرنے پر مکمل تیار ہیں، رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس بجٹ میں اشرافیہ پر ٹیکس لگائے گئے ہیں جبکہ عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بہتر معاشی پالیسیوں کی وجہ سے سٹاک ایکسچینج ملک کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کررہی ہے، آئندہ آنے والے دن خوشحالی کے ہونگے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں