بلدیہ عظمیٰ: عمارتوں کی نقشہ فیسوں اور جرمانے میں کئی گنا اضافہ
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)شہر اقتدارمیں تعمیرات کے بلڈنگ پلانز کی فیسوں اور جرمانے کو کئی گنا بڑھا دیا گیا۔ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ اطلاق آئندہ مالی 2024/2025 یکم جولائی سے ہو گا۔
بلدیہ عظمیٰ لاہور نے 7 سال بعد نیا بلڈنگ پلان فیس شیڈول جاری کر دیا۔ تفصیل کے مطابق شہر لاہور میں رہائشی نقشہ فیس 4 روپے مربع فٹ سے بڑھا کر 15، کمرشل بلڈنگ پلان نقشہ فیس 10 روپے سے بڑھا کر 40 روپے مربع فٹ کر دی گئی۔ اسی طرح انڈسٹری بلڈنگ پلان فیس 5روپے سے بڑھا کر 20، ایگریکلچر بلڈنگ پلان نقشہ فیس اوپن شیڈ کی 50 پیسہ مربع فٹ کر دی گئی۔پولٹری فارم نقشہ فیس 1، زرعی نقشہ جات کی فیس میں 2 روپے مربع فٹ اضافہ کر دیا گیا۔دوسری طرف خلاف نقشہ تعمیر پر جرمانہ فیس 100 روپے سے بڑھا کر 1 سو 50 روپے مربع فٹ کر دی گئی ،ماڈل شاہراہوں پر زائد اونچی بلڈنگ کی فیس 100 روپے سے بڑھا کر 150 روپے مربع فٹ کر دی گئی۔ نقشہ جمع کرواتے وقت ٹوٹل فیس کا 5 فیصد جمع کر انا لازم قرار دے دیا گیا۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے رولز آف بزنس کے تحت فیسیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔سیکرٹری بلدیات نے گزٹ نوٹیفکیشن کی منظوری دی۔ ڈی سی و ایڈمنسٹریٹر لاہور نے یکم جولائی سے فیس نافذ کرنے کا حکم دے دیا۔