سلمان رفیق کا دورہ فیلڈ ہسپتال،طبی سہولیات کا جائزہ

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فتح گڑھ یو سی 143 میں قائم فیلڈ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا،فیلڈ ہسپتال کے سٹاف سے عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔
صوبائی وزیر نے فیلڈ ہسپتال کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا فیلڈ ہسپتال کا منصوبہ حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے ۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا،کنٹرول روم میں صوبہ بھر میں بارشوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹرجنرل عرفان علی کاٹھیا نے صوبائی وزیر کو حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیرکو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں ماہ مکانات، خستہ عمارتیں اور آسمانی بجلی گرنے سے 24 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کوہ سلیمان پہاڑوں میں بارشوں کے سبب رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال بن سکتی ہے ۔دریں اثناخواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی عثمان خالد نے کنٹرول روم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے محرم الحرام کے حوالے سے کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔