9 تعلیمی بورڈز کے انضمام کے لئے بھی کام شروع

9 تعلیمی بورڈز کے انضمام کے لئے بھی کام شروع

لاہور(عاطف پرویز سے ) تین اداروں کے انضمام کے بعد پنجاب کے 9تعلیمی بورڈز کے انضمام کے لئے بھی کام شروع کردیا گیا ۔امتحانی نظام میں بہتری کے لئے قائم وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس کے پہلے اجلاس میں لاہور تعلیمی بورڈ کی سیکریسی پر سوالات اٹھائے گئے ۔

 سیکریسی قائم رکھنے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا گیا ۔ تفصیل کے مطابق دو روز قبل وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس کا اجلاس لاہور تعلیمی بورڈ میں ہوا ۔ ممبران نے امتحانی نظام پر سوالات اٹھائے ،لاہور بورڈ کی سیکریسی کے لئے کمپیوٹر سیکشن پر تحفظات کا اظہار کیا ۔اجلاس کی صدار ت ماہر تعلیم اور چیئرمین ٹاسک فورس مزمل محمود اوروزیر تعلیم نے کی۔اجلاس میں پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے سی ای او اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ایم ڈی نے بھی شرکت کی ۔ ممبران نے لاہور بورڈ کے کمپیوٹر سیکشن کی سائبر سکیورٹی ایکسپرٹ سے انسپکشن ،سسٹم کی مکمل اپ گریڈیشن کی سفارش اور پیپر ختم کرکے آن لائن سسٹم کی تجویز دی ۔ٹاسک فورس نے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی تجویز طلب کی۔ تمام بورڈز کے انضمام کا پلان ترتیب دینے کیلئے خصوصی کمیٹی بنا دی گئی ،4رکنی کمیٹی کے سربراہ پیک کے سی ای او ہونگے ،ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری لاہور بورڈ اور کنٹرولر امتحانات بھی کمیٹی کا حصہ ہونگے ،کمیٹی 15دن میں انضمام کا پلان پیش کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں