زیادہ بارشیں،20ہزار ہاٹ سپاٹ:ڈینگی پھیلا ؤ میں شدت کا اندیشہ

زیادہ  بارشیں،20ہزار ہاٹ سپاٹ:ڈینگی پھیلا ؤ  میں شدت کا اندیشہ

لاہور(سہیل احمد قیصر)زیادہ بارشوں کے باعث رواں سال ڈینگی کے پھیلاؤ میں زیادہ شدت آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔مون سون سیزن کے دوران ہی ڈینگی مریضوں کے ہسپتالوں میں آنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔

 لاہورمیں 20ہزار سے زائد ڈینگی ہاٹ سپاٹ موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اِس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے روزنامہ دنیا کو بتایا ابھی مون سون کے دوران برسنے والی بارشوں کا متوقع طور پر پچھتر فیصد حصہ باقی ہے ،بارشوں کا سیزن ختم ہونے کے بعد جب موسم گرم ہونا شروع ہوگا تو یہ ڈینگی کی افزائش کے لئے مثالی ماحول ہوگا ۔ دوسری طرف ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لاہور میں کم و بیش ڈینگی کے 20ہزار ہاٹ سپاٹ موجود ہیں جن کے باعث ڈینگی لاروے کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ صورت حال کے پیش نظر شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لئے 1ہزار 44بیڈز مختص کردئیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا شہر میں ڈینگی لاروے کی تلفی کے لئے روزانہ کی بنیاد پر ٹیمیں کام کررہی ہیں جس کے اچھے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں،اِس بات کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا کہ زیادہ بارشوں کی وجہ سے ڈینگی کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے لیکن اِس کے سدباب کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں