تعلیمی بورڈزمیں بڑی تبدیلیاں واصلاحات لانے کا فیصلہ

تعلیمی بورڈزمیں بڑی تبدیلیاں واصلاحات لانے کا فیصلہ

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)تمام تعلیمی بورڈزمیں بڑی تبدیلیاں واصلاحات لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ،سیاسی بنیادوں پرلگائے گئے اہم عہدوں پر فائز افسر بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تفصیل کے مطابق وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور چیئرمین ٹاسک فورس امتحانات مزمل محمود کی زیر صدارت تمام تعلیمی بورڈز کا اجلاس ہوا جس میں تعلیمی بورڈز میں سیاسی بنیادوں پر تعینات چیئرمینز، کنٹرولرز اور دیگر افسر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔چیئرمین ٹاسک فورس امتحانات مزمل محمود نے کہا تعیناتی کے خواہشمند افسروں کی آئی ٹی سکلزبھی جانچی جائیں گی،اجلاس میں پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کی 3 سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا،تمام بورڈزکوآئی ٹی فرینڈلی بنانے ، ونڈو آپریشن آن لائن کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ رانا سکندر حیات نے کہا اہم عہدوں پر تعینات افسروں کے لئے معیارطے کیا جائے گا ۔رانا سکندر حیات اور مزمل محمود نے امتحانی سنٹرز کی جیو میپنگ کی ہدایت جاری کی، اجلاس میں وزیر تعلیم اور چیئرمین امتحانات ٹاسک فورس نے امتحانات میں شفافیت کا لائحہ عمل بھی طلب کیا،آئندہ تعیناتیاں میرٹ پر اور باقاعدہ ٹیسٹ کے ذریعے ہوں گی۔ رانا سکندر حیات اور مزمل محمود کو تعلیمی بورڈز کو درپیش چیلنجز و مسائل، بورڈز کے تحت امتحانی سنٹرز میں کیمروں کی تنصیب اور سنٹرز کی سکیورٹی و نگرانی سے متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سیکنڈ اینول امتحانات کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر تعلیم نے بورڈز میں بڑی تبدیلیوں اور اصلاحات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا گزشتہ حکومت کے سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے چیئرمین و کنٹرولر بورڈز بھی تبدیل ہوں گے ۔ اجلاس میں امتحانات کے رزلٹ تیار کرنے کے دورانیہ میں کمی پر بھی غور کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں