’’قدرتی آفات سے بچاؤ کیسے ممکن ‘‘پر آگاہی کانفرنس کا انعقاد

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے،سٹی رپورٹر)قدرتی آفات سے بچاؤکیسے ممکن؟ پی ڈی ایم اے اور نجی تنظیموں کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں آگاہی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔وزیر صحت نے خطاب میں کہاکہ حکومت پنجاب عالمی این جی اوز سے تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے ۔ این جی اوز کے تجربات سے فائدہ حاصل کر کے عوام کے لئے سود مند اقدامات اٹھائیں گے ۔پی ڈی ایم اے قدرتی آفات سے عوام کو محفوظ بنانے کیلئے جدید اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ گلوبل ویلیج کے ثمرات عوام تک بھی پہنچنے چاہئیں اور گلوبل مسائل کو مل کر حل کرنا چاہئے ۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہاکہ پی ڈی ایم اے کے کام کے طریقہ کار اور این جی اوز کے علم کا گٹھ جوڑ عوام کے لئے فائدہ مند ہوگا۔ ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہاکہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کی تیاریاں مکمل ہیں۔