محکمہ داخلہ کا پنجاب ای انوینٹری مینجمنٹ سسٹم متعارف
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)سیکرٹری داخلہ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے پنجاب ای انوینٹری مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
جدید سسٹم کی بدولت محکمے کی تمام پروکیورمنٹ اور دستیاب وسائل بارے رئیل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو گئی ہے ۔ محکمہ داخلہ اور اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کے 5 ارب روپے مالیت کی پروکیورمنٹ کا ریکارڈ ای انوینٹری سسٹم میں دستیاب ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جدید ای انوینٹری مینجمنٹ سسٹم میں 19000 سے زائد ایسٹس کا ریکارڈ درج کیا گیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق محکمے میں دستیاب کاغذ قلم سے لیکر جدید سائنٹفک مشینری تک کا ریکارڈ سسٹم میں درج کیا گیا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ جدید سسٹم کی بدولت محکمے کے ہر آفیسر اور عملے کے زیر استعمال اشیا اور وسائل دیکھے جاسکتے ہیں۔ تمام افسران اور عملے کے زیر استعمال اشیا کے علاوہ سٹور میں موجود وسائل بارے بھی رئیل ٹائم معلومات دستیاب ہونگی۔ ای انوینٹری مینجمنٹ سسٹم کی بدولت محکمانہ آڈٹ میں سہولت اور شفافیت یقینی بنائی گئی ہے۔ اسی طرح محکمے میں دستیاب وسائل کا ریکارڈ آئندہ کیلئے بجٹ پلاننگ میں بھی معاون ہوگا۔