ایجوکیشن اتھارٹی :درجہ چہارم کی بھرتیوں میں مبینہ گھپلے
لاہور(عاطف پرویز سے ) لاہور ایجوکیشن اتھارٹی میں درجہ چہارم کی بھرتیوں میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے ۔
فہرست تبدیل کر کے 174،بغیر انٹرویوز کے 112 افراد بھرتی کئے گئے ۔ آڈیٹر جنرل کی آڈٹ رپورٹ سال 2022 اور23میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی کے منٹس بدل کر بھرتی کی فہرستیں تبدیل کی گئیں اور 174 افراد کو نوکری پر رکھا گیا ۔ رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ 322 بھرتیوں کے بعد ایجوکیشن اتھارٹی حکام نے اندر کھاتے 112 مزید افراد کو نوکری پر رکھا لیا اور بھرتیوں کی تعداد 434 پر جا پہنچی۔ ایجوکیشن اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 322 کے بعد ہونے والی بھرتیوں کے حوالے سے کوئی اشتہار دیا گیا اور نہ ہی انٹرویوز ہوئے ۔ ان112بھرتیوں کے حوالے سے رشوت اور سفارش کے الزامات ہیں ۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت کا کہنا ہے کہ ان غیر قانونی بھرتیوں کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے ،بے ضابطگیوں کے حوالے سے سابق سی ای او نے بھی ایک ریفرنس محکمہ سکول ایجوکیشن کو بھجوا یا تھا جس میں ڈی ای او نیئر اقبال اور دیگر کو قصور وارٹھہرایا گیاتھا ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن حکام کا کہنا ہے معاملے کی انکوائری جاری ہے ۔