اساتذہ مسائل کے حل کے لئے 6 رکنی کمیٹی تشکیل
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے گرینڈ ٹیچرز الائنس کے وفد نے ملاقات کی جس میں وفد نے بیشتر امور پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ترجمان وزارت تعلیم کے مطابق جمعہ کو وزیر تعلیم نے اساتذہ کے تحفظات دور کرنے کیلئے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس میں گرینڈ ٹیچرز الائنس کے 3 ارکان رانا لیاقت، کاشف شہزاد چودھری اور صفدر چودھری کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ کمیٹی ٹی این اے ٹیسٹ کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل بنائے گی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم کا کہنا تھا ٹی این اے ٹیسٹ ہر صورت ہوں گے ، تاہم کمیٹی ٹیسٹ کے حوالے سے طریقہ کار پر اپنی سفارشات دے گی،پنجاب حکومت کوئی بھی فیصلہ اساتذہ کو اعتماد میں لئے بغیر کرنے کے حق میں نہیں ، اس ضمن میں اساتذہ کی بہتری کیلئے تمام اقدامات ان کی مشاورت سے ہی اٹھائے جائیں گے ۔ وزیر تعلیم نے واضح کیا کسی ٹیچر کو نوکری سے نکال رہے اور نہ ہی کسی سکول کی نجکاری کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ٹی این اے ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے اساتذہ کو بھی نوکریوں سے نکالنے کے بجائے ان کی ٹریننگ کا لائحہ عمل طے کیا جانا ہی مقصود تھا، لیکن بعض افراد کی طرف سے بلاجواز افواہیں پھیلائی گئیں۔ حالانکہ ٹی این اے ٹیسٹ دینے والے 80 فیصد اساتذہ کے نمبر 75 سے زائد تھے ۔ رانا سکندر حیات نے کہا نان پرفارمنگ سکولوں اور اساتذہ کا احتساب ہر صورت ہونا چاہئے ۔