نئے انڈسٹریل زونز کیلئے رسمی کارروائی شروع کرنیکی منظوری
لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال کی زیرصدارت پیڈمک بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 167 واں اجلاس منعقد کیا گیا، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں نئے انڈسٹریل زونز قائم کرنے کے لئے رسمی کارروائی شروع کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ اجلاس میں قائداعظم بزنس پارک کی توسیع کے لئے کام شروع کرنے اور صنعتکاروں کو سولر انرجی فراہم کرنے کے لئے سولر کمپنیوں سے بطور سہولت کار معاہدہ کرنے کی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے ایکسٹرنل آڈیٹرز کی تقرری کے لئے معیار میں تبدیلی اور 166ویں اجلاس کے منٹس کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیالکوٹ اور راولپنڈی میں نئے انڈسٹریل زونز کے قیام جبکہ قائداعظم بزنس پارک اور ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ کے توسیعی منصوبے کے لئے باقاعدہ کیس تیار کرکے حتمی منظوری کے لئے پنجاب حکومت کو بھجوایا جائے گا ۔ اجلاس میں پیڈمک کے 165 ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد پر بورڈ کو آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے کہا کہ کہ صنعتکاروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔