غیر ملکی امداد والے منصوبوں کے لئے مانیٹرنگ سسٹم تیار

غیر ملکی امداد والے منصوبوں کے لئے مانیٹرنگ سسٹم تیار

لاہور(سیاسی نمائندہ)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے وفاقی سیکرٹری ای اے ڈی ڈاکٹر کاظم نیاز، چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر جناب ناجی بین ہسین کے ہمراہ فارن فنڈڈ پراجیکٹس پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس میں پنجاب میں جاری فارن فنڈڈ پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پراجیکٹس پر عمل درآمد کے دوران درپیش چیلنجز، ممکنہ رکاوٹوں کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی بارے غور کیا گیا ۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے تمام انتظامی سیکرٹریوں اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنے کام کی رفتار کو تیز کریں اور خصوصی دلچسپی لے کر جاری منصوبوں کی بروقت اور مؤثر تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پی اینڈ ڈی نے غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کی پیشرفت پر نظر رکھنے کے لیے ایک مضبوط مانیٹرنگ سسٹم تیار کیا ہے ،عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر جناب ناجی بین ہسین نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ صرف ان کی افادیت بڑھائے گی بلکہ بلکہ بین الاقوامی شراکت داروں کے اعتماد کو برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔علاوہ ازیں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت کسان کارڈ سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری زراعت، بینک آف پنجاب کے حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے زرعی مداخل کی خریداری کیساتھ 30 فیصد تک نقد رقم نکلوانے کی سہولت دینے پر بھی غور کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں