اقوام متحدہ کے ادارے گلوبل انیشیٹو کے وفد کا آئی جی آفس کادورہ
لاہور (کرائم رپورٹر )اقوام متحدہ کے ادارے گلوبل انیشیٹو کے سربراہ جون کولن نے وفد کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس کادورہ کیا۔دہشت گردی، ہیومن اینڈ ڈرگ ٹریفکنگ، سائبر کرائم، اسلحہ سمگلنگ سمیت بین الاقوامی سطح پر ہونے والے آرگنائزڈ کرائم کے تدارک کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق رائے ہوا۔
مسٹر جون کولن کی قیادت میں آئے وفد میں پروگرام ڈائریکٹر مس صیوم سادات، سابق ایڈیشنل آئی جی سرمد سعید، بیرسٹر عمر محمود خان شامل تھے۔ وفد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔دوران ملاقات بین الاقوامی آرگنائزڈ جرائم کے خلاف اقوام متحدہ کے ادارے اور پنجاب پولیس کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ دونوں اداروں نے دہشت گردی، ہیومن اینڈ ڈرگ ٹریفکنگ، سائبر کرائم اور اسلحہ سمگلنگ سمیت بین الاقوامی سطح پر ہونے والے آرگنائزڈ کرائم کے تدارک کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق رائے کیا۔ جون کولن نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ پنجاب پولیس کو آئی ٹی، ڈیٹا انیلسز اور انویسٹی گیشن سمیت مختلف شعبوں میں ٹریننگ فراہم کرے گا۔