75 فیصد سکیورٹی گارڈز اسلحہ کے استعمال سے ناواقف
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبے بھر میں اہم مقامات پر سکیورٹی کی ڈیوٹی کرنے والے سکیورٹی گارڈز کو نجی، سرکاری املاک سمیت انسانی زندگیوں کے لئے خطرناک قرار دے دیا اور ان سکیورٹی گارڈز کی ایک سے دو ہفتوں کی ٹریننگ کے لئے محکمہ داخلہ کو خط لکھ دیا ۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب پولیس نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کی ڈیوٹی کرنے والے ڈیڑھ لاکھ سکیورٹی گارڈز کی اہلیت جاننے کے لئے ایک سروے کیا اور ان سکیورٹی گارڈز سے سوالات کئے جن میں سے صرف 25فیصد سکیورٹی گارڈز مینوئل اسلحہ چلانا اور ڈیوٹی کرنا جانتے تھے جبکہ 75 فیصد گارڈز نے لاعلمی کا اظہار کیا۔پولیس حکام کے مطابق 1لاکھ24ہزارسکیورٹی گارڈجواب دینے میں ناکام رہے ،زیادہ تر سکیورٹی گارڈزکے پاس اسلحہ بھی بہترحالت میں موجود نہیں ۔ پنجاب پولیس نے محکمہ داخلہ سے سفارش کی 25فیصد گارڈز کی ایک ہفتہ اور 75 فیصد گارڈز کی دو ہفتوں کی ٹریننگ کی جائے جو پولیس لائن میں کی جائے گی جہاں ان گارڈز کو اسلحہ چلانا سیکھایا جائے گا۔