کھلاڑیوں کو گھر چلانے کیلئے ماہانہ سپورٹ دینگے:فیصل ایوب

کھلاڑیوں کو گھر چلانے کیلئے ماہانہ سپورٹ دینگے:فیصل ایوب

کالا شاہ کاکو(نامہ نگار)نوجوانون کے امور اور کھیلوں کے صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ وزارت کھیل پنجاب ایک سال کے دوران صوبہ بھر میں10 ارب کی لاگت سے 110 کھیلوں کے منصوبے مکمل کررہی ہے۔۔۔

 جن میں 58 پرانے ، جبکہ 52 نئے منصوبے مکمل کئے جائیں گے ۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر سیال، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ کے ہمراہ مریدکے میں رانا تنویر حسین فٹبال سٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کھیلوں کے شعبہ میں ٹیلنٹ کی نرسری ہے ، جسے مواقع فراہم کرکے بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا،فیصل ایوب کھوکھر نے اعلان کیا کہ پنجاب کی وزارت یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس اپنے ٹیلنٹ کو ماہانہ سپورٹ فراہم کرے گی تاکہ گھر چلانے کے ساتھ ساتھ ہمارے نوجوان اپنے ملک کا نام بھی روشن کریں،انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کھیلتا پنجاب پروگرام 1 لاکھ 20 ہزار نوجوانوں کو میدان میں کھینچ لایاہے جو ہسپتال ویران کرنے کی طرف عملی اقدام ہے ،صوبائی وزیر نے کہا کہ دوسروں نے احتجاجوں میں اربوں روپے لگا دئیے ، مگر ہم نے اس کے مقابلے میں کھیل کے میدان سجا دئیے ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسروں کی ترجیح نوجوانوں کو ڈنڈے دے کر توڑ پھوڑ کی طرف راغب کرنا ،جبکہ ہماری ترجیح ہاکیاں پکڑا کر کھیل کے میدان میں اتارنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں