عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ہر قربانی کو تیار:علما کرام
لاہور(سیاسی نمائندہ)علما اور عوام اسلام و وطن اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ماضی اس حوالے سے گواہ ہے اور مستقبل میں بھی اس حوالے سے علما اور عوام ایک ساتھ کھڑے ہوں گے۔
علما نے دین کی چوکیداری پارلیمنٹ میں بھی کی اور سپریم کورٹ میں بھی، وطن کو لادین ریاست بنانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی اور نہ ہی آئین پاکستان اور اس کی اسلامی ترامیم کے خلاف کوئی سازش کامیاب ہونے دی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار جے یو آئی ف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے تلوار والی مسجد اور جامع مسجد القران جامعہ انوار العلوم میں ختم نبوت،سیرت مصطفی ، عظمت قرآن کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماعات سے مولانا محمد کفیل خان ،مولانا محمد میاں،مولانا نادر صدیقی، مولانا احمد میاں،مولانا عبدالواحد،مولانا ڈاکٹر احمد میاں تھانوی ،قاری محمد ادریس آصف ،حافظ حسن افضال صدیقی ،طاہر بلال چشتی،قاری منور نوید ،صاحبزادہ احمد میاں اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔