جناح ہسپتال:ڈاکٹر عملہ لڑائی ، 4ملازمین سیکرٹری ڈسپوزل پر
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )جناح ہسپتال میں تعینات ڈاکٹر وپیرا میڈیکل سٹاف کے درمیان لڑائی کا معاملہ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو سیکرٹری ڈسپوزل پر بلا لیا۔۔۔
جس میں سے علامہ اقبال میڈیکل کالج وجناح ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ یورالوجی ڈاکٹر شبیرحسین چودھری کو ایڈمنسٹریٹو گرائونڈز پر عہدے سے ہٹایا گیاہے اور ڈاکٹر شبیر حسین کو فوری طورپر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ،دوسری جانب ایپکا اور پیرا میڈیکل سٹاف کے خلاف پیڈا ایکٹ لگاتے ہوئے ایپکا صدر نصیرجناح ہسپتال ، پیرا میڈیکس صدر ساجد عمر اور رانا ادریس کو معطل کرکے محکمہ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر شبیر چودھری اور الائیڈ ہیلتھ الائنس کے درمیان کئی ہفتوں سے لڑائی کا سلسلہ جاری تھاجس پرمحکمہ نے دونوں گروپوں کے درمیان کارروائی کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔