سرکاری سکولوں کی نجکاری کیخلاف رکشہ یونین کا مظاہرہ

سرکاری سکولوں کی نجکاری کیخلاف رکشہ یونین کا مظاہرہ

لاہور(سیاسی نمائندہ)عوامی رکشہ یونین کے زیر اہتمام سرکاری سکولوں کی نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد کے ساتھ ساتھ سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں نے بھی شرکت کی۔

جو تعلیم مفت دو اور ساڈا حق ایتھے رکھ کے نعرے بھی لگاتے رہے ۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مجید غوری اور مسز مجید غوری نے کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے مجید غوری نے کہا سرکاری سکولوں کی نجکاری کو روکا جائے ،سرکاری سکولوں کی نجکاری مزدوروں اور کسانوں کے بچوں کو تعلیم سے محروم کرنے کی سازش ہے جس کے خلاف ہم نے تعلیم مفت دو تحریک کا اعلان کردیا ۔ اس سلسلے میں لاہور کے ہر چوک اور چوراہے میں مطالبات کی منظوری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مقررین کا کہنا تھا مہنگائی کی وجہ سے ہم فاقوں پر مجبور ہیں،معمولی سی آمدن ہے ، بجلی او ر گیس کے بلوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو چکا ہے ، کرائے کے مکان ہیں،بچوں کے لئے دودھ خریدنے کی سکت ہے نہ دوا خریدنے کی، دو، 2ہزار کے چالان شروع ہو چکے ہیں،ہر محکمہ ریونیو اکٹھا کرنے پر لگا ہواہے ۔ بیورو کریسی لاکھوں میں تنخواہیں اور مراعات لے کر سمجھ رہی ہے کہ ملک میں کوئی مہنگائی نہیں ۔ حکومت مہنگائی میں کمی اور معیاری تعلیم اور صحت مفت فراہم کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں