آفٹرنون سکولوں کو چلانے کا فیصلہ کارکردگی سے مشروط
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)سینکڑوں آفٹرنون سکولوں کو چلانے یا نہ چلانے کا فیصلہ کارکردگی سے مشروط کردیا گیا ۔
تفصیل کے مطابق انصاف آفٹر نون سکولوں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا۔ ناقص معیارتعلیم ،کم انرولمنٹ اور خراب نتائج والے سکول بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ طلبا کی انرولمنٹ کے ساتھ اساتذہ کی بھی حاضری چیک ہوگی،سکولوں کو ریکارڈ مرتب کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔گزشتہ تعلیمی سال میں بچوں کی حاضری کا موجودہ سال کی حاضری سے تقابلی جائزہ لیا جائے گا۔اے ای اوز اور ڈپٹی ڈی ای اوز کی حاضری کو بھی چیک کیا جائے گا۔ بجٹ اور ایس او پیز کا بھی جائزہ لیا جائیگا،وزٹ کے دوران سکول بیسڈ ٹیسٹ کا بھی ریکارڈ چیک ہوگا جس کے بعد اے ای اوز اور ڈپٹی ڈی ای او زسکول چلانے یا نہ چلانے بارے رائے دینگے ۔ ذرائع کا کہنا ہے مانیٹرنگ آفیسر کی رائے مثبت نہ ہونے پر سکول کو بند دیا جائے گا۔آفٹرنون سکولز کو بند کرکے صرف مارننگ شفٹ کردی جائیگی۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سکولوں کی تصدیق کیلئے تمام اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کردیا،پنجاب بھر میں ان سکولوں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہے۔