بھارتی ہندو یاتریوں کا وفد چکوال سے لاہور واپس پہنچ گیا
لاہور(سپیشل رپورٹر)بھارتی ہندو یاتریوں کا 71 رکنی وفد کٹاس راج مندر مذہبی رسومات مکمل ہونے پر چکوال سے لاہور واپس پہنچ گیا۔
ترجمان کے مطابق روانگی سے قبل ڈپٹی سیکرٹری عمر جاویدا عوان اور پاکستان ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی کے صدر کرشن شرما نے یاتریوں کو خصوصی تحائف پیش کیے اور سپیشل بسوں میں سکیورٹی حصار میں روانہ کیا۔ بھارتی ہندو یاتریوں نے ہفتہ کی شام کٹاس راج مندر چکوال میں ست سنگ اور دیپ مالا دیئے جلانے کی رسومات ادا کیں ،مذہبی رسومات کے مطابق پھول جھڑیاں چلائیں اور خوشیاں منائیں ۔بھارتی یاتریوں نے مہمان نوازی،رہائش اور میڈیکل سمیت تمام تر سہولیات کی فراہمی پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے دل کھول کر انتظامات کی تعریف کی۔ یاتریوں نے کٹاس راج میں نئے تعمیر کردہ رہائشی کمپلیکس میں رہائشی سہولیات کی فراہمی پر اظہار اطمینان بھی کیا جبکہ یاتریوں کے کٹاس راج دورہ کے موقع پر ضلعی حکومت نے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامی امور کی انجام دہی میں اہم کردار ادا کیا۔ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق یاتری لاہور میں تین روز قیام کریں گے ، اس دوران وہ کرشنا مندر،والمیکی مندر کی یاترا کریں گے اوردورہ مکمل ہونے پر 25 دسمبر کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔