لاہور کی سیاحت کیلئے آنیوالوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ
لاہور(سٹی رپورٹر)سال 2024 کے دوران باغوں کے شہر لاہور کی سیاحت کیلئے آنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔
بے شک یہ شہر جہاں قدیم تاریخ کی عکاسی کرتا ہوا نظر آتا ہے تو وہیں سکھوں اور انگریزوں کی تعمیر کردہ بے شمار عمارات بھی شہر کے ماتھے کا جھومر ہیں لیکن متعدد عمارات کی صورت جو کچھ مغلوں نے اِس شہر کو دیا ہے اْس کا کوئی جواب نہیں ہے ۔ اسی کے باعث ہرسال بے شمار سیاح اس شہر کی سیاحت کے لیے آتے ہیں، اچھی بات یہ رہی کہ رواں سال یہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، طویل عرصے بعد اندرون شہر سیاحوں میں غیرملکیوں کی بڑی تعداد بھی دیکھنے میں آئی، سیاحوں کی سب سے زیادہ تعداد نے دہلی دروازے اور شاہی قلعے کا رخ کیا۔اس حوالے سے والڈ سٹی اتھارٹی لاہورنے دہلی دروازے ، بھاٹی گیٹ، ناگ مندر، برکت علی اسلامیہ ہال، بریڈلے ہال، کڑی باغ اور متعدد دیگر عمارات کی بحالی کے منصوبے مکمل کیے۔