ایل ڈی اے: ریکارڈ کی چھان بین میں مبینہ بےقاعدگیاں

ایل ڈی اے: ریکارڈ کی چھان بین میں مبینہ بےقاعدگیاں

لاہور(شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے ہاؤسنگ سکیموں کی ریکارڈ سفٹنگ میں مبینہ بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوگیا۔ ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر سفٹنگ نے مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر ایس او پیز تبدیل کر دئیے جس کے باعث مفادات کا تصادم ہونے لگا۔

تفصیل کے مطابق کئی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود ریکارڈ کی سفٹنگ کا عمل مکمل نہ ہوسکا۔ایل ڈی اے کو ریکارڈ کی سفٹنگ میں اراضی کے انتقال سمیت ایس او پیز میں تبدیلیوں کا سب سے بڑا چیلنج ہے ،ڈائریکٹوریٹ آف سفٹنگ کی طرف سے بار بار پالیسی تبدیلی بھی سفٹنگ میں تاخیر کی وجہ بن رہی ہے ۔ ڈائریکٹر ہاؤسنگ (سفٹنگ) کی طرف سے مبینہ طور پر ایس او پیز تبدیل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ،مذکورہ ڈائریکٹوریٹ کے سابق افسر نے ہی ایس او پیز تبدیل کئے جانے پر اعتراض اٹھا دیا۔ ایل ڈی اے کی جانب سے جوہر ٹاؤن سمیت دیگر سکیموں کی سفٹنگ کی جارہی ہے ۔ ایس او پیز کے مطابق اعتراض شدہ فائل کا اعتراض دور کرنے کے بعد دوبارہ سفٹنگ میں بھیجنا ضروری ہے ۔ ایل ڈی اے کا سفٹنگ سیل فائل کی جانچ پڑتال کے بعد دوبارہ کلیئر یا اعتراض عائد کرے گا۔ قوانین کے متضاد ڈائریکٹر سفٹنگ نے یہ اختیار ہاؤسنگ ڈائریکٹر کو تفویض کر دیا جس سے مفادات کا تصادم ہوتا ہے ۔دوسری طرف ایل ڈی اے کے ہی افسر نے مفادات کا تصادم ہونے پر اختلافی نوٹ ڈائریکٹر ہاؤسنگ کو ارسال کر دیا۔ذرائع کے مطابق مراسلہ سامنے آنے کے بعد دوبارہ ایس او پیز کی تبدیلی پر کام کا آغاز ہوگیا، ایس او پیز میں قوانین کے متضاد تبدیلی کرنے پر ڈی جی ایل ڈی اے نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں