پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے) سموگ پر قابو پانے ،سستی اوراچھی سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ہاؤس میں ای ٹیکسی پر تجاویز اور مشاورت کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سرکاری محکموں کے حکام، الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں، ٹرانسپوٹرز اور سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ احمد جاوید قاضی نے شرکا کو سکیم کے بنیادی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ شرکا کو ای ٹیکسی سکیم کے تمام پہلوؤں پر اوپن ڈسکشن کا موقع فراہم کیا گیا۔ اس کے علاوہ ای ٹیکسی سمیت دیگر الیکٹرک گاڑیوں کیلئے بھی چارجنگ سٹیشنز، بیٹریوں کے معیار اور پرزوں کی آسانی سے فراہمی پر مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا بیروزگار افراد کیلئے ای ٹیکسی سکیم شروع کرنے جا رہے ہیں۔، وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب ہماری شاہراہوں پر دھوئیں سے پاک گاڑیاں دوڑ رہی ہوں گی،بیروزگاری میں کمی اور سستی سفری سہولت دستیاب ہو سکے گی۔