پی ایچ اے گاڑیوں کے میٹرز بند، مرضی سے پٹرول کا استعمال

لاہور(شیخ زین العابدین)پی ایچ اے گاڑیوں کے میٹرز بند ہونے سے مرضی سے پٹرول اور ڈیزل کا استعمال ہونے لگا۔روزنامہ دنیا کی نشاندہی پر پی ایچ اے کی گاڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم لگانے کا پلان بنا لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سرکاری گاڑیاں کتنے کلومیٹر چلیں؟اس حوالے سے پی ایچ اے کی انتظامیہ گاڑیوں کی ریڈنگ سے لاعلم ہے ۔ فیلڈ میں کام کرنے والی پی ایچ اے کی تمام گاڑیوں کے سپیڈو میٹر زبند ہونے سے افسر من مرضی سے پٹرول اور ڈیزل کا استعمال کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کو علم ہونے کے باوجود ان کو ٹھیک نہیں کر ایا گیا۔موجودہ صورتحال میں واٹر لاریوں، واٹر باؤزر اور ٹریکٹرز کے میٹر زغیر فعال ہیں۔پی ایچ اے زون فائیو کی پانی لگانے والی7واٹر لاریوں کے ریڈنگ میٹر غیر فعال جبکہ میٹرز کی بندش کا فائدہ اٹھا کر موبل آئل کی تبدیلی میں بھی مبینہ بے ضابطگیاں کی جارہی ہیں۔ انتظامیہ نے فیلڈ گاڑیوں میں سالانہ ٹریکنگ سسٹم لگانے کا پلان بنا لیا جس کے لئے 43 لاکھ 51 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا، فروری میں ٹینڈر ایوارڈ کر دیا جائے گا۔