سی ٹی او کی وارڈن کے ناروا سلوک پر محنت کش سے معافی

لاہور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس آفیسر ڈاکٹر اطہر وحید نے ٹریفک وارڈن کی جانب سے ناروا سلوک کا سامنا کرنے والے محنت کش کو اپنے دفتر میں بلا کر معافی مانگ لی جبکہ ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا گیا۔
سی ٹی او کی جانب سے سڑک کنارے پنکچر لگا کر رزق کمانے والے نوجوان کو نقدی بھی دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ٹریفک وارڈن آصف نے نہر کنارے پنکچر لگا کر رزق کمانے والے محنت کش وقاص کو گریبان سے پکڑتے ہوئے گاڑی میں بٹھایا تھا اور اس دوران ٹھڈے بھی مارے۔ ٹریفک وارڈن کے اس شرمناک عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کا سی ٹی او ڈاکٹر اطہر وحید نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وارڈن آصف کو فوری معطل کر دیا جبکہ ناروا سلوک کا سامنا کرنے والے وقاص کو اپنے دفتر میں بلا کر نہ صرف اسے گلے لگا کر معذرت کی۔ بلکہ اسے نقدی بھی دی ۔ وقاص نے بتایا کہ ہماری وجہ سے کسی طرح کی تجاوزات قائم نہیں ہوتیں ہم سڑک کنارے گرین بیلٹ پر روزگار کماتے ہیں۔ پولیس اہلکار آتے ہیں پٹرول اٹھا لیتے ہیں جو اپنی گاڑی میں ڈال لیتے ہیں جبکہ ہمارے اوزار نہر میں پھینک دیتے ہیں۔