محکمہ صنعت اور امریکی کمپنی میں باہمی تعاون کا معاہدہ

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور انوائرمنٹ سیکٹر سے وابستہ امریکی کمپنی ایم 2 ڈی کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔
صوبائی وزیر شافع حسین اور امریکہ کی سرمایہ کار کمپنی کے صدر فواد سرور نے معاہدے پر دستخط کئے ۔معاہدے کی رو سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کیا جائیگا اور ماحول دوست ٹیکنالوجیز کوفروغ دیا جائیگا۔ماحولیاتی چیلنجزسے نمٹنے کیلئے کمیونٹیز،پالیسی سازوں اور سٹیک ہولڈرز کو ٹیکنیکل معاونت فراہم کی جائیگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کیلئے تجاویز اور حکمت عملی مرتب کی جائیگی۔عوام کی آگاہی کیلئے مشترکہ تعلیمی پروگرامز،ورکشاپس،ٹریننگ سیشنز اور سیمینارز کا اہتمام کیا جائیگا۔امریکہ کی کمپنی پنجاب میں ماحولیات سے متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کریگی اور ماحولیات سے متعلقہ منصوبوں کیلئے موثر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل بنایا جائیگا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ پنجاب حکومت نے سموگ کے تدارک کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیں۔