اندرون لاہور کی شاہی گزر گاہ پر جشن بہاراں کا آغاز
لاہور(سہیل احمد قیصر)والڈسٹی اتھارٹی لاہور کی طرف سے اندرون لاہور کی شاہی گزر گاہ پر تین روزہ جشن بہاراں کا آغاز ہوگیا۔کہیں قطار اندر قطار پھول تو کہیں لوک فنکاروں کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔
فیسٹیول کے پہلے روز شہریوں کا جم غفیر اُمڈ آیا۔تفصیل کے مطابق ماضی کے شہر لاہور کی ایک پہچان یہاں منعقد ہونے والے بے شمار میلے بھی ہیں ۔ یہ روایتی میلے تو بڑی حد تک اب قصہ پارینہ بن چکے ہیں لیکن کبھی کبھار اِن کا کوئی نہ کوئی رنگ نظرآہی جاتا ہے ۔ ایسا ہی ایک رنگ دہلی دروازے کی شاہی گزر گاہ پر بھی نظرآرہا ہے جہاں تین روزہ جشن بہاراں شروع ہوگیا ۔ فیسٹیول میں آنے والے شائقین پتلی تماشے سے بھی دل بہلاتے رہے ۔ مقامی دستکاریوں کے سٹالز بھی میلے کی رونقیں بڑھاتے رہے ،مینا بازار بھی سجایا گیا ۔ والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فیسٹیول کے ذریعے لاہور کے روایتی رنگوں کو اُجاگر کیا گیا،ہمارا مقصد میلوں کی گمشدہ ثقافت کو بھی زندہ کرنا ہے ۔