ایل ڈی اے کے پلاٹوں پر سرکاری دفاتر بنانے کا ایجنڈا منظور

ایل ڈی اے کے پلاٹوں پر سرکاری دفاتر بنانے کا ایجنڈا منظور

لاہور (شیخ زین العابدین) ایل ڈی اے کے پلاٹوں پر سرکاری دفاتر بنانے کا ایجنڈا منظور کر لیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ،پنجاب پولیس اور دیگر سرکاری دفاتر ایل ڈی اے کے پلاٹوں پر بنیں گے۔

ایل ڈی اے نے رعایتی قیمت پر سرکاری محکموں کو پلاٹ الاٹ کر دئیے ۔ دستاویزات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے مختلف سرکاری اداروں کو اربوں روپے مالیت کے پلاٹس رعایتی قیمتوں پر الاٹ کرنے کی منظوری دے دی ۔ اجلاس میں قائداعظم ٹاؤن، گجرپورہ اور نیو گارڈن ٹاؤن کے قیمتی پلاٹس سرکاری اداروں کو مخصوص شرائط کے تحت دئیے گئے ۔قائداعظم ٹاؤن سکیم میں واقع پلاٹ نمبر 2، بلاک سوک سنٹر، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کو 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کی ریزرو پرائس پر الاٹ کیا گیا ۔ پلاٹ نمبر 2-A، جو 6 کنال رقبے پر مشتمل ہے ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کو 3 کروڑ روپے میں دے دیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کو قسطوں میں ادائیگی کی اجازت دی گئی ، تاہم اگر مقررہ مدت میں بقایا جات ادا نہ کئے گئے تو پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کر کے 20 فیصد رقم ضبط کر لی جائے گی۔گجرپورہ سکیم میں ایجوکیشنل سائٹ کو تبدیل کر کے پولیس کو پبلک یوٹیلیٹی سائٹ کے طور پر الاٹ کر دیا گیا۔ پلاٹ کی قیمت ریزرو پرائس کے ایک تہائی کے برابر مقرر کی گئی ۔نیو گارڈن ٹاؤن کے علی بلاک میں 3 کنال اور 1.6 کنال کے دو پلاٹ کو پبلک یوٹیلیٹی سائٹس میں تبدیل کر کے پولیس کو الاٹ کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو بھی تین ماہ کی رعایت دی گئی تاکہ وہ پہلی قسط کی ادائیگی مکمل کر سکے۔ مقررہ وقت میں ادائیگی نہ ہونے پر الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں