ساڑھے چار کلو میٹر طویل والٹن روڈ کی اپ گریڈیشن مکمل

لاہور(سٹاف رپورٹرسے ) سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ نے تقریباً ساڑھے چار کلو میٹر طویل والٹن روڈ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ مکمل کر لیا ۔
والٹن روڈ پر افتتاحی یادگار بھی نصب کر دی گئی ہے ، پانچ میں سے دو اوور ہیڈ پیڈسٹرین کراسنگ کی تنصیب مکمل کر لی گئی ، والٹن روڈ کی سروس روڈ پر اسفالٹ ورک مکمل ہو چکا ہے ۔والٹن روڈ پر سروس روڈ مکمل طور پر فعال ہو چکی ہیں، والٹن روڈ پر لین مارکنگ، جدید سٹریٹ لائٹس اور سائن بورڈز کی تنصیب کر دی گئی ہے ، گرین بیلٹس اور ہارٹیکلچر کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کہا کہ سی بی ڈی پنجاب نے نہ صرف والٹن روڈ کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا بلکہ شہریوں کے طرزِ زندگی کو بھی بہتر بنایا ہے ۔والٹن روڈ منصوبہ شہر کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے ، سی بی ڈی پنجاب کی جانب سے اس ترقیاتی منصوبے کی تکمیل لاہور شہر میں جدید اربنائزیشن کے ویژن کی ایک نمایاں مثال بن چکی ہے ، منصوبے کو باقاعدہ افتتاح 27اپریل کو شیڈول کرلیا گیا ہے ۔