وزیر تعلیم کا چھاپہ، طالبعلم پرچہ گاڑی میں حل کرتے پکڑاگیا

وزیر تعلیم کا چھاپہ، طالبعلم پرچہ گاڑی میں حل کرتے پکڑاگیا

لاہور(خبرنگار)گورنمنٹ ہائی سکول علی رضا آباد میں امتحانی نظام کی خلاف ورزی کا انوکھا واقعہ سامنے آگیا، طالبعلم کو نہم جماعت کا فزکس کا پرچہ گاڑی میں بیٹھ کر حل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اچانک گورنمنٹ ہائی سکول علی رضا آباد پر چھاپہ مارا جہاں طالبعلم سید محمد ابوبکر ہاشمی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر پرچہ حل کر رہا تھا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات زاہد میاں بھی وزیر تعلیم کے ہمراہ موجود تھے ۔کنٹرولر زاہد میاں نے انکشاف کیا کہ مذکورہ طالبعلم اپنے تمام پرچے گاڑی میں بیٹھ کر ہی حل کرتا رہا ہے ۔واقعہ کے بعد ہیڈ ماسٹر محمد شاہد بیگ، سپرنٹنڈنٹ عبدالحفیظ سمیت 5 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور دو نگرانوں کو بھی معطلی کی زد میں لایا گیا ہے۔ تمام ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ۔دریں اثنا طالبعلم سید محمد ابوبکر ہاشمی کے خلاف یو ایم سی بنا دیا گیا ہے جس کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں