سٹریٹ لائٹس کو سولرانرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ
لاہور (شیخ زین العابدین)انرجی بچانے کے لیے سٹریٹ و روڈ لائٹس کو سولر پر منتقل کیا جائے گا،گلبرگ کے بلاکس میں سولر لائٹس کی تنصیب کا آغاز کر دیا گیا، دیگر علاقوں میں سولر لائٹس کے منصوبے کو توسیع دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے نے انرجی بچاؤ اور ماحول دوست ترقی کی جانب قدم اٹھاتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کو مرحلہ وار سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ایل ڈی اے کی جانب سے تیار کردہ سسٹین ایبل ماڈل کے تحت سبزہ زار، کاہنہ اور فیروز پور روڈ کے علاقوں کو مرحلہ وار ترقی دی جائے گی، جہاں سٹریٹ لائٹس اب سولر پاور سے روشن ہوں گی۔ذرائع کے مطابق سسٹین ایبل ماڈل کے پی سی ون میں سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کی لاگت کو شامل کر لیا گیا ہے اور یہ منصوبہ ایل ڈی اے کے ذاتی وسائل سے مکمل کیا جائے گا، جس سے بجلی کے بوجھ میں خاطر خواہ کمی متوقع ہے ۔ایل ڈی اے ایونیو ون ہاؤسنگ سکیم کو اس ماڈل کے تحت سب سے پہلے اپ گریڈ کیا جائے گا، جہاں مین بلیوارڈ اور مرکزی شاہراہوں پر دو ہزار سے زائد سولر سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔یہ پہلا موقع ہے جب ایل ڈی اے کی کسی ہاؤسنگ سکیم میں سولر انرجی کا براہ راست استعمال کیا جا رہا ہے ، جو نہ صرف ماحول دوست اقدام ہے بلکہ سرکاری وسائل کی بچت کا ذریعہ بھی بنے گا۔ماحولیاتی تبدیلیوں اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر ایل ڈی اے نے سسٹین ایبل ماڈل میں سولر لائٹس کے منصوبے کو شامل کیا۔