ذیلی سڑکوں پر واقع سکیموں پر اربوں کے ٹیکس لگانے کی تیاری

لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور میں سٹرکچر پلان روڈز پر واقع نجی ہاؤسنگ سکیموں اور جائیدادوں پر ٹیکس لگانے کی پالیسی تیار کر لی گئی۔۔۔
ایل ڈی اے کی جانب سے شہر میں نئی پالیسی کے تحت اربوں روپے آمدن کمانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے ،حاصل آمدن سے پنجاب حکومت کو ادھار رقم واپس کی جائے گی۔ مجوزہ منصوبے کے مطابق نئی نجی ہاؤسنگ سکیم کے سپانسرز پر پوری سکیم کے رقبے کے حساب سے فی کنال 4 لاکھ روپے فیس عائد کی جائے گی۔ تخمینے کے مطابق نئی ہاؤسنگ سکیموں سے ایل ڈی اے کو تقریباً 82 ارب 90 کروڑ روپے کی آمدن متوقع ہے ۔اسی طرح، سٹرکچر پلان روڈز سے متصل جائیدادوں کے مالکان پر فی کنال 5 لاکھ روپے فیس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ۔ اگر 50 فیصد متصل جائیدادوں سے ادائیگی وصول ہو گئی تو ایل ڈی اے کو ایک ارب 39 کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہو گی۔ نجی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے وقت 20 فیصد جبکہ باقی 80 فیصد رقم 3 سال کے دوران 12 اقساط میں وصول کی جائے گی۔ یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ سٹرکچر پلان روڈز پر واقع جائیدادوں سے حاصل ہونے والی فیسوں پر نظرثانی کی جائے گی تاکہ مارکیٹ کے حالات کے مطابق فیسوں میں رد و بدل ممکن ہو سکے ۔تجویز حتمی منظوری کیلئے اتھارٹی کے سامنے پیش کی جائے گی۔