میٹنگ منٹس جاری نہ ہونے سے کئی فیصلے التوا کاشکار

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا رواں سال کا تیسرا اجلاس 21 مئی کو منعقد ہوا، جس میں شہری سہولت سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
تاہم ان فیصلوں پر عمل درآمد اب تک ممکن نہیں ہو سکا کیونکہ اجلاس کے میٹنگ منٹس تاحال جاری نہیں ہو سکے ۔ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری آفس اور وزیر اعلیٰ آفس سے میٹنگ منٹس کی منظوری کا انتظار کیا جا رہا ہے ۔ جب تک یہ منظوری نہیں ہوتی، کسی بھی فیصلے پر باقاعدہ عمل درآمد نہیں ہو سکتا۔اجلاس میں ایل ڈی اے ایونیو ون میں پلاٹ مالکان کے لیے بقایا جات جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی منظوری دی گئی تھی۔ تاہم میٹنگ منٹس کے اجر انہ ہونے کی وجہ سے بقایا جات کی وصولی کا عمل التوا کا شکار ہے ۔اسی طرح ایونیو ون سے متعلق مزید مالیاتی تجاویز بھی اجلاس میں منظور کی گئی تھیں، لیکن ان پر بھی کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔گورننگ باڈی اجلاس میں بیوہ کوٹہ کے پلاٹوں سے ریکوری کا کیس پنجاب حکومت کو بھیجنے کی منظوری بھی دی گئی تھی، مگر میٹنگ منٹس کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ فائل بھی زیر التوا ہے ۔یہ تمام فیصلے پالیسی سطح پر اہم نوعیت کے ہیں اور ان کا بروقت نفاذ شہریوں کو براہ راست متاثر کرتا ہے۔