سانحہ سوات کے پی کے انتظامیہ کی سنگین غفلت : ہشام الٰہی
لاہور(سیاسی نمائندہ)صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان، ڈاکٹر علامہ حافظ ہشام الٰہی ظہیر نے سوات میں سیلابی ریلے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک سانحہ کے پی کے انتظامیہ کی سنگین غفلت کا واضح ثبوت ہے، جس پر فوری اور شفاف تحقیقات کی جانی چاہئیں۔انہوں نے مطالبہ کیا صوبائی حکومتیں اس نوعیت کے حادثات سے بچاؤ کے لئے سنجیدہ اقدامات اور جامع و مؤثر حکمتِ عملی اختیار کریں تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے ۔ ہشام الٰہی نے مزید کہا ہر سال کی طرح اس بار بھی 22 محرم الحرام کو بیگم کوٹ چوک لاہور میں عظمتِ صحابہ کرامؓ و اہلِ بیتؓ کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس کے کنوینرحکیم عبد اللطیف مدنی ناظم جمعیت اہلحدیث لاہور ہیں۔ کانفرنس جمعیت اہلحدیث لاہور، تحریک طلبہ اہلحدیث لاہور اور اہلحدیث یوتھ فورس لاہور کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے ،کانفرنس کا بنیادی مقصد عوام بالخصوص نوجوان نسل کو صحابہ کرامؓ، اہل بیتؓ اور خلفائے راشدینؓ کی سیرت و کردار سے روشناس کر انا ہے تاکہ وہ ان مقدس ہستیوں کی تعلیمات سے اپنے دلوں کو منور کر سکیں۔