صوبائی وزرا کا یوم عاشور کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

 صوبائی وزرا کا یوم عاشور کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

لاہور(این این آئی)صوبائی وزرا نے محرم الحرام کے حوالے سے جاری سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے رات گئے لاہور کے مرکزی عزاداری مقامات کا دورہ کیا۔

صوبائی وزیر کھیل و محنت ملک فیصل ایوب کھوکھر نے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ثانیہ عاشق، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، کمشنر زید بن مقصود، ڈی سی سید موسیٰ رضا اور دیگر اعلیٰ افسروں کے ہمراہ نثار حویلی، کربلا گامے شاہ اور پانڈو سٹریٹ امام بارگاہ کا دورہ کیا۔دورے کے دوران وزرا نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹس اور دیگر اہم مقامات پر کئے گئے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے اعلیٰ حکام کو سکیورٹی پلان، رضا کاروں کی تعیناتی، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا جلوسوں کے راستوں پر مکمل سکیورٹی اور بارشوں کے باعث ممکنہ رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔ صفائی، روشنی، پانی، میڈیکل کیمپ اور دیگر سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ بلال یاسین کا کہنا تھا مجالس و جلوس کے روٹس اور حساس مقامات پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں