شہید ریسکیور محمد شعیب سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک
لاہور (کرائم رپورٹر )سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے شہیدایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن محمد شعیب کی بہادری اور فرض شناسی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد شعیب جیسے بہادر جوان قوم کا فخر ہوتے ہیں۔
جس نے شہریوں کے جان و مال بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔ ہم اپنے شہید ہونے والے ریسکیو کو کبھی نہیں بھولیں گے ،ہم شہدا کے اہل خانہ اور والدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک و قوم پر قربان ہونے والے سپوت ریسکیو 1122 کو دیئے ۔ ریسکیورز وہ ہیرو ہیں جو لوگوں کی جان و مال کو بچانے کے لیے اپنی زندگیاں قربان کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ریسکیورز کو پوری دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمرجنسی سروسز ہیڈ کووارٹرز میں شہید ریسکیور، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن محمد شعیب کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے موقع پر کیا جس نے گزشتہ روز پیش آنے والے آتشزدگی کی ایمرجنسی میں فائر اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران شہریوں کو محفوظ بنانے کے عمل میں اپنی جان جانِ آفریں کے سپرد کر دی۔ نماز جنازہ میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر لاہور شاہد وحید، ونگز کے سربراہان، رجسٹرار اکیڈمی، ایڈمنسٹریٹر ہیڈکوارٹرز، سینئر افسران، ریسکیورز، شہریوں اور شہید کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔