ٹیپا مالی بحران کا شکار ،آمدن میں کمی ،ترقیاتی منصوبے ٹھپ

ٹیپا مالی بحران کا شکار ،آمدن میں کمی ،ترقیاتی منصوبے ٹھپ

لاہور (شیخ زین العابدین)ٹیپا مالی بحران کا شکار، آمدن کے ذرائع سکڑنے لگے ،انفورسمنٹ چالان اور پارکنگ ایگریمنٹس کی بندش سے ریونیو کو بڑا دھچکا، ترقیاتی منصوبوں سے بھی محرومی، مالی مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق آمدن کے روایتی ذرائع کمزور پڑنے لگے ہیں اور انفورسمنٹ کے چالان بند ہونے سے ریونیو کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔ دوسری جانب پارکنگ ایگریمنٹس سے حاصل ہونے والی آمدن میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔حیران کن طور پر آمدن کے لیے ٹیپا کے حوالے کیے گئے پارکنگ پلازے بھی واپس لے کر دوبارہ ایل ڈی اے کو دینے کا فیصلہ کیا گیا، جس سے ٹیپا کی مالی خود مختاری مزید کمزور ہو گئی ہے ۔گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں بھی ٹیپا کو کوئی بڑا ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا گیا تھا اور رواں مالی سال کے بجٹ میں بھی ٹیپا کو نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔ اب ٹیپا صرف واسا، سوئی گیس اور پی ٹی سی ایل جیسے اداروں کے روڈ کٹ فیس کے ڈیپازٹ ورک پر گزارہ کر رہا ہے ۔ ترقیاتی منصوبے نہ ملنے اور آمدنی کے ذرائع سکڑنے کے باعث ٹیپا کا مالی ماڈل مزید کمزور ہو گیا ہے ۔ مالی بحران نے ادارے کی کارکردگی کو محدود اور مستقبل کو غیر یقینی بنا دیا ہے ۔ ایل ڈی اے کی بجٹ ترجیحات میں ٹیپا کو مستقل طور پر نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے ادارے کا بجٹ بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور مالی خود کفالت پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں