میٹرو بس : کماہاں سٹیشن کی برقی سیڑھیاں کئی سال سے خراب
لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور میٹرو بس سسٹم کے کماہاں سٹیشن پر ایسکلیٹر نمبر 1 طویل عرصے سے غیر فعال ہے ۔ایل ڈی اے اور ٹیپا نے بحالی کا وعدہ کیا، مگر منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود ایسکلیٹر ٹھیک نہ ہو سکا۔
اس معاملے پر شہریوں کی شکایت اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی مشکلات نے اسے ایک بڑا انتظامی مسئلہ بنا دیا ہے ۔ دستاویزات کے مطابق لاہور میٹرو بس سسٹم کے کماہاں اسٹیشن پر نصب ایسکلیٹر نمبر 1 کی خرابی کا معاملہ کئی برس سے حل طلب ہے ۔ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق ایسکلیٹر نمبر 1 آج بھی غیر فعال ہے ، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔سال 2014-15 میں چونگی امر سدھو فلائی اوور اور فیروزپور روڈ پر دیگر ترقیاتی کاموں کے دوران اس سٹیشن کے ایسکلیٹرز کو عارضی طور پر ہٹایا گیا تھا۔اس وقت ایل ڈی اے اور ٹیپا کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ایسکلیٹرز کو اصل حالت میں بحال کر دیا جائے گا۔فلائی اوور کا منصوبہ تو مکمل ہو گیا مگر ایسکلیٹر نمبر 1 پرزوں کی خرابی کے باعث آج تک آپریشنل نہ ہو سکا۔ایل ڈی اے اور ٹیپا کی جانب سے اس ایسکلیٹر کو ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حوالے اصل حالت میں نہ کرنا ایک بڑا انتظامی مسئلہ بن چکا ہے ۔ایسکلیٹر کی بندش سے شہریوں کو بار بار شکایات کرنا پڑیں، جبکہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔شہری امتیاز احمد نے محتسب پنجاب کو شکایت درج کرائی کہ چار ایسکلیٹرز میں سے دو غیر فعال ہیں، جن میں ایسکلیٹر نمبر 1 بھی شامل ہے ۔شکایت کے بعد ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اپنے کنٹرول میں موجود ایسکلیٹر نمبر 4 کو فوری طور پر آپریشنل کر دیا۔محتسب پنجاب نے شکایت نمٹا کر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو 30 دن میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔لاہور میٹرو بس سسٹم کا قیام 2013 میں مکمل ہوا تھا اور اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو سونپی گئی تھی۔ایسکلیٹر ز کو عارضی طور پر ہٹاتے وقت واضح وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں اصل حالت میں بحال کر کے چلایا جائے گا۔لیکن برسوں گزرنے کے باوجود بحالی نہ ہونے سے شہریوں کو آج بھی شدید مشکلات اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ایل ڈی اے اور ٹیپا سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسکلیٹر نمبر 1 کو اصل حالت میں بحال کر کے فوری طور پر حوالے کیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔