جامعات کو عالمی معیار کی یونیورسٹیز میں بدلنے کا فیصلہ

جامعات کو عالمی معیار کی یونیورسٹیز میں بدلنے کا فیصلہ

لاہور(عاطف پرویز سے)پنجاب حکومت نے صوبے کی تین اہم جامعات کو عالمی معیار کی ماڈل یونیورسٹیز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منصوبے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

ابتدائی مرحلے میں جن یونیورسٹیز کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ،لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اورگورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور شامل ہیں۔حکومت پنجاب کی جانب سے تینوں جامعات کو عالمی سطح کی تعلیمی، تحقیقی اور انفراسٹرکچر سہولیات فراہم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے ، جبکہ خصوصی فنڈنگ کی بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے تاکہ منصوبے کو جلد از جلد عملی شکل دی جا سکے ۔اس مقصد کے لیے پنجاب حکومت نے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کر دی ہے ، جس کی سربراہی صوبائی وزیر تعلیم کر رہے ہیں۔کمیٹی میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر اقرار احمد خان، وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر، وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر شازیہ قریشی اور وائس چانسلر جی سی یو ڈاکٹر عمر چودھری شامل ہیں۔کمیٹی کا پہلا اجلاس پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں تینوں جامعات کے وائس چانسلرز نے اپنے اداروں کی کارکردگی، موجودہ سہولیات اور مستقبل کے ویژن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں