ستھرا پنجاب ویسٹ ری سائیکلنگ کے مرحلے میں داخل
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)ستھرا پنجاب پروگرام ویسٹ ری سائیکلنگ کے اگلے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جس میں وہ لینڈ فل سائٹس جنہیں ماحولیاتی چیلنج سمجھا جاتا ہے کو قومی اثاثے میں تبدیل کیا جائے گا۔
اس ضمن میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس ہوا جس میں ویسٹ ری سائیکلنگ کے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمر کیفی نے شرکت کی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی کے) سی ای او بابر صاحب دین نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور کے نواح میں واقع لکھوڈیر سائٹ کے کاربن کریڈٹ سے پاکستان کو سالانہ ایک ارب روپے ریونیو متوقع ہے ۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پیرس معاہدے کے آرٹیکل چھ کے تحت کاربن کریڈٹ کا کلیم کیا جائے گا۔ جانوروں کی آلائشوں سے توانائی پیدا کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے ۔ صرف لاہور میں آلائشوں سے ایک ہزار ٹن توانائی پیدا کی جاسکتی ہے ۔ وزیر بلدیات نے ویسٹ سے توانائی کے منصوبوں کے لئے لاہور یا اسلام آباد میں روڈ شو منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی سفارتکاروں کو روڈ شو میں مدعو کیا جائے گا۔