لاہور ڈویلپمنٹ : 3 ماہ میں 220 سکیمیں مکمل کرنیکا فیصلہ
لاہور(شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون اور ٹو، نئی ڈیڈ لائنز مقرر،وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر نئی ڈیڈ لائنز دے دی گئی، اگلے چار ماہ میں تین ہزار 220 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کا سیوریج اور واٹر سپلائی انفراسٹرکچر اپ گریڈ کرنے کے لیے شروع کیے گئے ،لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی تکمیل میں تاخیر کے باعث حکومت پنجاب نے منصوبے کے لیے نئی ڈیڈ لائنز مقرر کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ ہاؤسنگ نے فیز ون کی سکیموں کی تکمیل کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ واسا کو لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی 82 سکیمیں 30 اگست تک مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔دوسری جانب میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) کو فیز ون کے تحت اپنے ترقیاتی کام 30 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ایم سی ایل کو اگلے چار ماہ میں 3 ہزار 50 سکیمیں مکمل کرنا ہوں گی۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز ٹو کے آغاز کے لیے بھی حکومت پنجاب نے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ آئندہ ہفتے فیز ٹو کے لیے فنڈز جاری کیے جانے کا امکان ہے۔