وسطی ایشیا کے سفرپر روانہ ہونیوالوں کے اعزاز میں تقریب
لاہور(کامرس رپورٹر سے)ٹی ڈی سی پی کی جانب سے وسطی ایشیا کے سفر پر روانہ ہونے والے بائیکرز اور سیاحوں کے اعزاز میں ایک خصوصی الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
شرکا نے پاکستان کی دل موہ لینے والی قدرتی خوبصورتی اور یہاں کی مہمان نوازی کی دل کھول کر تعریف کی۔ انہوں نے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کی جانب سے ملنے والے تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا ۔تقریب میں ایم ڈی ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے خصوصی شرکت کی اور بائیکرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات عوامی روابط، ثقافتی تبادلے اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عالمی معیار کی سیاحتی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے تاکہ پنجاب کو بین الاقوامی سیاحوں کے لیے ایک نمایاں مقام بنایا جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ بائیکرز 23 دنوں میں تقریباً 5000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے اور 4 ممالک کا سفر کریں گے۔