اربوں کے ترقیاتی منصوبے منظور، سڑکوں کی مرمت بازاروں کی بیوٹیفکیشن شامل
12 کروڑ کی لاگت سے ماموں کانجن تاندلیانوالہ روڈ سے احسان چوک امام بارگاہ تک 3.9 کلومیٹر سڑک کی مرمت، بحالی اور تعمیر کی منظوری،چنیوٹ میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر کمپلیکس کی تعمیر کی نظرِ ثانی شدہ منظوری بھی دی گئی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) کمشنر مسرت جبیں کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔13 کروڑ روپے کی لاگت سے ماموں کانجن تاندلیانوالہ روڈ سے احسان چوک امام بارگاہ تک 3.9 کلومیٹر سڑک کی مرمت، بحالی اور تعمیر کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں 20 کروڑ روپے سے امین پور بازار اور 39 کروڑ روپے کی لاگت سے جھنگ بازار کی بیوٹیفکیشن کے منصوبوں پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی گئی۔12 کروڑ روپے سے ضلع چنیوٹ میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر کمپلیکس کی تعمیر کی نظرِ ثانی شدہ منظوری بھی دی گئی، جبکہ 37 کروڑ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ گرلز گریجوایٹ کالج غلام محمد آباد میں کلثوم نواز بلاک اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی بھی منظوری دی گئی۔
مزید برآں ہائی ویز کے تحت کروڑوں کی لاگت سے 10 سڑکوں کی مرمت، بحالی اور کارپٹنگ کے منصوبے بھی منظور کیے گئے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے منصوبوں کی اہمیت پر بریفنگ دی، جبکہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ اور دیگر افسر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ امین پور بازار (150 دکانیں، ایک ہزار فٹ) اور جھنگ بازار (230 دکانیں، دو ہزار فٹ) میں بجلی کی زیر زمین وائرنگ، جدید لائٹنگ، سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن اور بینچز کی تنصیب کی جائے گی۔