بھوانہ :سکول نیوٹریشن پروگرام اور امتحانی مراکز کا جائزہ لیا گیا
صفائی کے انتظامات کو چیک کیا گیا،متعلقہ عملے کو مزید بہتری کیلئے ہدایات
بھوآنہ (نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شروع کیے گئے سکول نیوٹریشن پروگرام اور امتحانی مراکز کے جائزے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر بھوآنہ شینا اعظم اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خاور عباس متحرک رہے ۔اسسٹنٹ کمشنر بھوآنہ شینا اعظم اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 1 بھوآنہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت جاری میل پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر طلبہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامات کو بغور چیک کیا گیا، جبکہ متعلقہ عملے کو مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر بھوآنہ نے وزارتِ تعلیم کی معائنہ ٹیم کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں قائم میٹرک امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔ اس دوران امتحانی عمل، سکیورٹی انتظامات اور نقل کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔دوروں کا مقصد حکومتی پروگرام کے مؤثر نفاذ اور میٹرک امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانا تھا۔ افسروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام مراحل قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیے جائیں گے اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔