پی آئی بی کالونی میں بھتہ خوروں کیخلاف کارروائی
رینجرز اور ایس آئی یو کے آپریشن میں زخمیوں سمیت 5ملزمان گرفتار احمد علی مگسی اور وقاص گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزمان سے اسلحہ برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر پی آئی بی کالونی میں بھتہ وصولی میں ملوث احمد علی مگسی اور وقاص گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزمان کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران ملزمان کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 انتہائی مطلوب ملزمان عبداللہ اور عبدالسمیع کو زخمی حالت میں جبکہ 3 دیگر ملزمان حمید عرف خلیفہ، عبید عرف گجی اور خدا بخش عرف سنی کو بلاضرب گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق احمد علی مگسی اور وقاص گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہیں اور پوشیدہ ٹھکانے سے پی آئی بی کالونی میں بھتہ وصولی کا منظم نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔گرفتار ملزمان احمد علی مگسی اور وقاص گروہ کے انتہائی اہم کارندے ہیں اور ان کے احکامات پر پی آئی بی کالونی اور ملحقہ علاقوں میں فیکٹری مالکان، نجی بلڈرز اور دیگر کاروباری افراد سے بھتہ وصول کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔گرفتار ملزمان بھتہ نہ ملنے پر فائرنگ کرنے ، دھمکی آمیز کالز کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث ہیں-گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور اس سے پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے ایس آئی یو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔