پلانٹ فار پاکستان:رنگ روڈ پر شجرکاری مہم کاآغاز
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)صحت افزا ماحول کے قیام اور گرین پنجاب کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے لاہور رنگ روڑ پر وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے پلانٹ فار پاکستان اور پنجاب رنگ روڑ کی گرین پالیسی کے تحت تین لاکھ پودے لگانے کی مہم کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین رنگ روڑ اتھارٹی ڈاکٹر فیصل فرید نے صوبائی وزیر کو مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا،جبکہ ڈائریکٹر آپریشنز شاہد محبوب، ایس پی رنگ روڈ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔رنگ روڈ کی تعمیر کے بعد اب تک صرف سوا لاکھ درخت و پودے لگائے جا چکے ہیں،جبکہ نئی مہم کے تحت مزید تین لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔پلان کے مطابق ایسٹرن بائی پاس پر 20 ہزار،بابو صابو تا کماہاں 80 ہزار،کماہاں تا گجومتہ 75 ہزار،گجومتہ تا جاتی عمرہ 60 ہزار اور جاتی عمرہ تا ملتان انٹرچینج 65 ہزار پودے لگائے جائیں گے ۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ گرین کوریڈور کی صورت میں یہ شجرکاری نہ صرف لاہور رنگ روڑ بلکہ اس سے ملحقہ علاقوں میں ماحولیاتی بہتری کا سبب بنے گی۔ پنجاب حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ ماحول دوست اقدامات کو ہر سطح پر یقینی بنا رہی ہے۔