ایجوکیشن اتھارٹیز:سینکڑوں ملازمین ترقی سے محروم
لاہور(عاطف پرویز سے)صوبے بھر کی ایجوکیشن اتھارٹیز کی غفلت اور سستی کے باعث درجہ چہارم کے سینکڑوں ملازمین کئی سالوں سے ترقی (پروموشن) سے محروم ہیں۔
سیٹیں خالی ہونے اور شرائط پوری کرنے کے باوجود ملازمین کو جائز حق نہیں دیا جا رہا۔ تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹیز میں خالی پوسٹیں موجود ہونے کے باوجود درجہ چہارم کے اہل ملازمین کو ترقی نہیں دی جا رہی تھی، حالانکہ وہ تمام مطلوبہ شرائط پوری کر چکے تھے ۔ اس تاخیر کی وجہ سے ملازمین میں سخت بے چینی اور بددلی پائی جا رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے لاہور سمیت تمام اضلاع کی ایجوکیشن اتھارٹیز سے درجہ چہارم کی خالی سیٹوں کا تفصیلی ریکارڈ طلب کر لیا ہے تاکہ باقاعدہ قواعد کے مطابق ان ملازمین کو اگلے درجے میں ترقی دی جا سکے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق ترقی پانے والے ملازمین کو جونیئر کلرک کی اسامیوں پر ترقی دی جائے گی اور یہ عمل مقررہ سنیارٹی اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔